Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مراکش میں افریقی برق رفتار ٹرین

مراکش....  مراکشی حکام نے افریقہ کی سب سے برق رفتار ٹرین چلانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے  او رکہا ہے کہ 200میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ٹی جی وی ٹرین سروس افریقہ کی سب سے برق رفتار ٹرین ہوگی اور اس سے کاسا بلانکا سے تنغیر تک کی مسافت کافی کم ہوکر رہ جائیگی جس سے قومی معیشت ، سیاحت اور روزگار تینوں شعبوں میں ترقی ہوگی۔ جو وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مراکشی حکام کا کہناہے کہ ملک کاریلوے نظام عصری تقاضوں کے مطابق نہیں۔ دنیا بہت آگے جارہی ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اس سے قدم ملا کر چلیں اسلئے ریلوے کے پورے اساسی ڈھانچے  کو جدید بنایا جائے۔ حکومت ایک جانب تو یہ چاہتی ہے  مگر اس منصوبے کے بھی مخالفین پیدا ہوگئے ہیں جنکا کہنا ہے کہ اس بڑے منصوبے پر بے پناہ رقم خرچ ہوگی جسے صحت، تعلیم اور اس جیسے دوسرے اہم شعبوں پر خرچ کیا جاسکتا ہے جس سے مراکشی عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا اور ملک بھی ترقی کریگا۔ اعتراضات اور مخالفت کے باوجود ملک کے ریلوے نظام کی دیکھ بھال کرنے والے انجینیئـروں نے اسی ہفتے  اسکا پہلا تجربہ کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔ تجرباتی مرحلے میں ٹرینیں 200میل تک کی رفتار پکڑ  سکیں گی۔ محکمہ ریلوے کا کہناہے کہ پیر کو شمالی شہر قنیطرہ ا ور تنغیر کے درمیان  موجود  پٹری پر ایک ٹرین175میل فی گھنٹے کے رفتار سے چل چکی ہے اور جو اب تک کی سب سے برق رفتار افریقی ٹرین ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ جین یوز لیڈرائن جو معاہدے کی تکمیل کیلئے یہاں آئے ہوئے تھے معاہدے پر دستخط کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ یہ بہت ہی کامیاب ریلوے سروس ہوگی۔ واضح ہو کہ فرانس ، مراکش کی بیشتر انجینیئرنگ اور دوسری اہم ضروریات پوری کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور چونکہ ایک حد تک پڑوسی ہے اسلئے مراکشی لوگ بھی فرانس سے قریب تر تعلق اور معاہدے کو پسند کرتے ہیں۔ اب تک  یہ واضح نہیں ہوا کہ یہ ٹرین کاسا بلانکا  سے تنغیر تک 200میل کی رفتار سے چلے گی تو درمیانی مسافت میں کتنے گھنٹے کا فرق پڑیگا۔

شیئر: