Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انوپم کھیر پونا فلم انسٹی ٹیوٹ کے نئے چیئرمین مقرر

نئی دہلی۔۔۔۔۔۔ بالی وڈ کے سینیئر اداکار  انوپم کھیر کو  فلم اینڈ ٹیلیویژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا  (ایف ٹی آئی آئی)  جس کو  عام طور سے  پونا فلم انسٹیٹیوٹ  کے نام سے جانا جاتا ہے  کا  نیا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔  انوپم کھیر  مودی حکومت  کے ذریعے  انسٹیٹیوشن کے چیئرمین  کی حیثیت سے نامزد کئے گئے  آر ایس ایس کے سینیئر لیڈر  گجندر چوہان کی جگہ  لیں گے ۔ چوہان کیخلاف  ایک طویل عرصہ سے انسٹیٹیوشن میں طلبہ نے  احتجاج  کا سلسلہ  شروع کررکھا ہے۔  احتجاج کرنیوالوں میں بہت سے ایسے  طلبہ بھی شامل ہیں جنہیں انسٹیٹیوٹ سے بے دخل کردیاگیا  یا  ان کیخلاف  مقدمات قائم کئے گئے ہیں۔  مودی حکومت  گجندر چوہان کو برقرار رکھنے کیلئے  ملک بھر میں  ہدف تنقید بنی ہوئی تھی۔  انوپم کھیر فلمی دنیا کا شاندار تجربہ رکھتے ہیں اور انہوں نے نیشنل  اسکول آف ڈرامہ میں  کام کرکے تھیٹر کا بھی  طویل تجربہ حاصل کیا ہے۔  انسٹیٹیوٹ کے نئے چیئرمین  اپنے فلمی کیریئر میں 500 سے زائد فلموں میں کام کرچکے ہیں اور  ناظرین  میں کافی مقبول ہیں۔  انوپم کھیر کی تقرری  کا  تقریباً  ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے  افراد  نے خیرمقدم کیا ہے  اور اس بات کی توقع کی ہے کہ انسٹیٹیوشن  کی مقبولیت  کو بحال کرنے میں انوپم کھیر  اپنی صلاحیت اور تجربے کا بھرپور استعمال کریں گے نیز  طلبہ  کے ساتھ بھی انصاف کیا جائے گا۔  بالی وڈ کے سینیئر فنکاروں  سبھاش گھئی،  مدھر بھنڈارکر ، اشوک پنڈت سمیت کئی ڈائریکٹروں نے حکومت کے اس فیصلے پر  خوشی کا اظہار کیا ہے۔ سبھاش گھئی نے کہا کہ  انوپم کھیر اس عہدے کیلئے  انتہائی موزوں شخصیت ہیں۔  انہوں نے کہا کہ جو  لوگوں کی رہنمائی کرے  اس کو اچھا ہونا ہی چاہئے۔ انوپم ایک اچھے  استاد  ثابت ہونگے۔  مدھر بھنڈارکر نے کہا کہ وہ  طلبہ کو بہت کچھ سکھائیں گے اور  انسٹیٹیوشن کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتے ہیں۔  جون 2015 ء میں انسٹیٹیوشن کے نئے سربراہ  کی حیثیت سے  تقرری پانے والے گجندر چوہان نے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔
 

شیئر: