ہیکرز نے آسٹریلیا کی حساس معلومات چرا لیں
سڈنی … آسٹریلیا میں ہیکرز نے سائبر حملہ کرکے دفاعی پروگرام سے متعلق حساس معلومات چوری کرلیں۔ ہیکرز نے سرکاری کنٹریکٹر کے سسٹم کو ہیک کرکے 30 جی بی تک حساس ڈیٹا چرایا جس میں آسٹریلیا کے نئے جنگی طیاروں اور بحری جہازوں کے حوالے سے معلومات شامل ہیں۔ آسٹریلوی حکومت کے مطابق چرایا جانے والا ڈیٹا تجارتی بنیادوں پر حساس ضرور تھا لیکن سرکاری راز نہیں تھا۔ فی الحال یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس سائبر حملے کے پیچھے کوئی گروہ ہے یا پھر کسی ملک کا ہاتھ ہے۔ وزیر دفاع کرسٹوفر پائن نے کہا کہ اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سائبر حملے سے ملکی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ۔ ہیکرز نے سرکاری کنٹریکٹرز کی جانب سے استعمال کئے جانے والے سافٹ ویئر میں نقائص کا فائدہ اٹھایا۔ سافٹ ویئر کو گزشتہ 12 ماہ سے اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا تھا۔