ریاض.... سعودی عرب نے ایران سے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کی فیصلہ کن حکمت عملی کا خیرمقدم کیا ہے۔سعودی عرب نے اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ مملکت نے اس امید پر ایران کے ایٹمی معاہدے کی حمایت کی تھی کہ اس سے علاقے میں امن و استحکام قائم ہوگا مگر ایران نے پابندیاں اٹھانے کے اقدام سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقے کے امن و استحکام کو متزلزل کردیا۔ سعودی اعلامیہ میں توجہ دلائی گئی کہ ایران کا میزائل پروگرام پورے خطے کیلئے ایک اور خطرہ بن گیا ہے۔ ایران حزب اللہ اور حوثیوں سمیت دہشتگرد تنظیموں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ بین الاقوامی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میزائل کے تجربات سعودی عرب پر حملہ آور ملیشیاﺅں کے حوالے کردیا۔ سعودی عرب نے اعلامیہ میں یہ بھی کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب اور حوثی باغی بحر احمر میں جہازرانی کیلئے خطرات پیدا کررہے ہیں۔ سعودی عرب نے تاکید کی کہ وہ ایرانی پالیسیوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے افریقہ اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کریگا۔ سعودی عرب نے اپیل کی کہ ایران کے ایٹمی پروگرام ہی نہیں بلکہ اس کی جانب سے پیدا کئے جانے والے تمام خطرات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ایران کو وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے اسلحہ کے حصول سے روکناضروری ہے۔