اٹک...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ٹیکنو کریٹ یا غیر جمہوری حکومت پاکستان کے مسائل حل نہیں کرسکتی۔ موجودہ حکومت نے جو کچھ کیا وہ عوام کے سامنے ہے۔ 2018 کے عام انتخابات میں عوام فیصلہ کریں گے۔اٹک میں تیل اور گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پالیسیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جو ترقی کرے۔ہمیں جمہوریت کو بھی مضبوط کرنا ہے جمہوریت کے استحکام کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ ملک میں ترقی جمہوریت کے استحکام سے ہی ہوگی۔ اس کے سواکوئی دوسرا راستہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہمہ جہت ترقی ہو رہی ہے یہ ان پالیسیوں کی بدولت ہے جو نواز شریف نے شروع کیں اور ہم ان کو آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ملک میں ترقی صرف اسی وقت ممکن ہوگی جب ملک میں جمہوریت پروان چڑھے گی، جمہوریت مضبوط ہوگی تو ملک میں ترقی ہوگی۔ اس کے سوایکوئی دوسرا راستہ نہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ کسی ٹیکنو کریٹ یا غیر جمہوری حکومت نے پاکستان کوکبھی کچھ دیا ہے اور نہ دے گی اس لئے ملکی ترقی و خوشحالی کی خاطر ہمیں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔عام انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 2018 انتخابات ہوں گے اور جو بھی فیصلہ ہوگا وہ پاکستان کے عوام قبول کریں گے۔وزیراعظم نے علاقے میں تیل و گیس کی دریافت پر اہل علاقہ، پی او ایل اور اٹک آئل کے حکام اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے کے بعد پنجاب میں تیل و گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہومجھے پورا یقین ہے کہ مستقبل میں اس طرح کی مزید دریافتیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 103 ریکارڈ دریافتیں ہوئیں جن سے 850 ملین کیوبک فٹ گیس نظام میں شامل ہوئی جو پاکستان کی کل پیداوار کا 22 فیصد ہے 32000 بیرل تیل کا اضافہ ہوا جو پاکستان کی کل پیداوار کا ایک تہائی ہے۔