اسلام آباد...دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ ہندجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ اسے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیاں برداشت نہیں ہورہیں۔ سرکاری ریڈیوکو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہند ایک طرف پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کرانے کیلئے افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت کررہا ہے۔ دوسری طرف کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری کے قریب بسنے والی آبادی کو نشانہ بنارہا ہے۔کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے بے گناہ شہریوں پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ بے گناہ شہری آبادی اور بچوں کو نشانہ بنانا بزدالانہ فعل ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو تمام بین الاقوامی فورموں پر موثرانداز سے اجاگر کررہا ہے۔