کرکٹ ٹیم کا کھیل ہے،خود کو سینیئر نہیں سمجھتا، شعیب ملک
اتوار 15 اکتوبر 2017 3:00
دبئی :پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور سینیئر آل راونڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم کا کھیل ہے ۔ میںخود کو سینیئر یا کسی سے برتر کھلاڑی نہیں سمجھتا۔ ٹیسٹ سیریز اور ون ڈے میں اچھی فارم کے حامل کرکٹر نے کہاکہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں کوئی کھلاڑی تنہا کچھ نہیں کر سکتا اور انفرادی کامیابیوں کے لئے بھی ساتھی کھلاڑیوں کی مدد درکار ہوتی ہے ۔ ٹیم مشترکہ کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی سمیٹتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بہت کم ہوا ہے کہ صرف ایک کھلاڑی کے کھیل نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ہو لیکن جسے اس کرکٹر کی انفرادی کامیابی قرار دیا جاتا ہے وہ بھی دراصل ٹیم ورک کا نتیجہ ہوتی ہے ۔ سابق کپتان نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ میں نسبتاًزیادہ عرصے سے ٹیم کے ساتھ ہوں لیکن اس بنیاد پر خود کو سینیئر نہیں سمجھتا اور نہ چاہتا ہوں کہ مجھے ایسا کوئی اسٹیٹس ملے۔اگر کوئی خود کو سینیئر سمجھنے اور تسلیم کرانے پر مصر ہو تو اس سے ڈریسنگ روم کا ماحول عجیب سے تناوکا شکار ہو جاتا ہے۔ اس صورتحال میں نئے اور نوجوان کھلاڑی رہنمائی کے حصول یا بات چیت میں مشکلات محسوس کرنے لگتے ہیں۔ چاہتا ہوں ہم سب دوستانہ ماحول میں رہیں ۔ اگر کسی کو کو ئی اہمیت ملنی چاہئے تو وہ اس کے کھیل اور ٹیم کےلئے کارکردگی کی بنیاد پر ہو تو بہتر ہے۔ بیٹنگ کے حوالے سے اپنی کارکردگی میں تسلسل کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا مطمئن ہوں اور خوشی ہے کہ ٹیم کےلئے مفید ثابت ہو رہا ہوں۔ اس میں مجھے ٹیم، بورڈ، سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کی حمایت اور تعاون حاصل ہے جس سے مزید کچھ کر دکھانے کا جوش وجذبہ پیدا ہوتا ہے ۔