سامان چوری کا واقعہ تھائی لینڈ کا ہے
ریاض....سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے اعلان کیا ہے کہ مسافروں کے بیگ کی تلاشی اور ان سے سامان نکالنے کے واقعہ پر مشتمل وڈیو کلپ کا تعلق سعودی ہوائی اڈے سے نہیں بلکہ تھائی لینڈ سے ہے۔یہ وضاحت اس وڈیو کلپ کے بارے میں جاری کی گئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور جس میں دکھایا گیا ہے کہ سامان اٹھانے اور پہنچانے پر مامور بعض اہلکار مسافروں کے بیگ کھول کر ان سے سامان چوری کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تاثر یہ دیا گیا کہ یہ واردات سعودی عرب کے کسی ہوائی اڈے پر ہورہی ہے۔ اس وڈیو کلپ نے سعودی ہوائی اڈوں سے سفر کرنے والے مقامی شہریوںاور تارکین میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔ محکمہ شہری ہوابازی نے واضح کردیا کہ اس وڈیو کلپ کا تعلق سعود ی عرب سے نہیں بلکہ تھائی لینڈ کے بوکیت ایئرپورٹ سے ہے۔ تھائی لینڈ کے ہوائی اڈے کی پولیس نے واردات کرنے والے کو گرفتاراو راسکے قبضے سے مسروقہ اشیاءبرآمد کرلیں۔