Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سگریٹ پینے سے روکنے پر دوست کا قتل

    نئی دہلی۔۔۔۔۔۔ قومی دارالحکومت کے  اشوک  وہار علاقے میں  3 دوستوں نے اپنے ہی  دوست کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔  مقتول نے اپنے دوستوں کو  اس کے گھر کے  اندر سگریٹ پینے سے منع کیا تھا کیونکہ  اس کے بزرگ والد  کو دھویں سے دشواری ہورہی تھی۔  تینوں دوست  سگریٹ  پینے سے منع کرنے پر مشتعل ہوگئے   اور انہیں اپنے دوست کی بات اتنی زیادہ ناگوار گزری کہ  انہوں نے گولی مار کر  اس کو قتل کردیا اور پھر  بوانا نہر میں اس کی لاش پھینک دی۔  یہی نہیں بلکہ  اس کے گھر واپس لوٹ کر آئے اور مقتول کے گھر والوں کے ساتھ ہی  تھانے پہنچ کر  اس کی گمشدگی کی رپورٹ  درج کرا دی لیکن  تینوں ملزمان  کی چالاکی بعد میں پکڑی گئی اور پولیس نے  تینوں کو  گرفتار کر کے  تحقیقات شروع کردی۔  سینیئر پولیس افسران کے مطابق  22 سالہ مقتول  کا نام برجیش کمار بتایاگیا ہے جو  اپنے اہل خانہ کے ساتھ  علاقے میں  سگدیو نگر میں  مقیم تھا۔ گزشتہ ماہ  برجیش کی شادی ہوئی تھی۔   وہ  پرائیویٹ گاڑی چلاکر  روزی روٹی کماتا تھا۔  گزشتہ  روز  برجیش کے 3 دوست اس کے گھر آئے اور  وہاں  سگریٹ پینے لگے۔  منع کرنے پر  تینوں  کو  اپنی توہین محسوس ہوئی اور انہوں نے   دوست سے بدلہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔  انہوں نے  اگلے دن  شراب پی اور برجیش کو بھی  اس میں شامل کرلیا۔  یہی نہیں بلکہ  وہ  سگریٹ کے  معاملے کو لے کر اس سے بحث بھی کرنے لگے بات بڑھ گئی اور  تینوں دوستوں نے آخر کار  برجیش کا کام تمام کردیا۔  لاش کو  نہر میں پھینک کر  تینوں دوست  خود کو  شبہ سے دور کرنے کیلئے  اس کے گھر پہنچے اور  گھر والوں کی پریشانی اور حیرانی دیکھ کر  ان کے ساتھ  رپورٹ درج کرانے  پولیس اسٹیشن چلے آئے۔  پولیس نے  جہاں ایک طرف ممکنہ  مقامات پر برجیش  کو  تلاش کیا وہاں  اس نے سی  ڈی آر بھی نکلوائی ۔  برجیش کے گھر والوں نے تفتیش کے دوران بتایا کہ  سگریٹ کی  وجہ سے  تینوں  دونوں سے  کہا  سنی ہوگئی تھی کہ  اچانک ہی کاٹجو تھانے کی پولیس کو  بوانا  نہر سے  لاش ملی جو برجیش  کی  تھی  جسے اس کے اہل خانہ نے شناخت کرلیا تھا۔  یہ خبر ملتے ہی تینوں ملزمان  فرار ہوگئے لیکن  پولیس نے پیر کو  انہیں  بوانا کے ایک گھر سے گرفتار کرلیا۔   ابتدائی تفتیش کے دوران  تینوں نے اعتراف جرم کرلیا ہے ۔ پولیس نے انہیں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرکے 3 دن کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔

شیئر: