Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی اسکولوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا یکم جنوری سے

  ریاض .... ویلیو ایڈڈ ٹیکس ادارے نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے تمام علاقوں میں موجود نجی اسکولوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ عملدرآمد یکم جنوری 2018 ء مطابق 14 ربیع الاول 1439 ھ سے ہوگا۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکس ادارے نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ ٹیکس 5 فیصد ہوگا۔ یہ وضاحت نجی اسکولوں کے مالکان اور عہدیداروں کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جواب میں جاری کی گئی۔ نجی اسکولوں سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن نے نیٹ پر یہ خبر دیکھتے ہی اس خدشہ کا اظہار کردیا کہ اسکولوں کے مالکان اپنی تجوری سے ٹیکس ادا کرنے کی زحمت نہیں کریں گے بلکہ اس کا سارا بوجھ ہمارے اوپر ڈالنے کے طور طریقے اور حربے ایجاد کریں گے۔ سعودی وزارت تعلیم کی اس یقین دہانی کو بھی بعض والدین شک و شبہ کی نظر سے دیکھ رہے ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ کوئی بھی نجی اسکول وزارت سے رجوع کئے بغیر فیس میں اضافہ کا مجاز نہیں۔ و زارت نے گزشتہ برسوں کے دوران اسکولوں کی جانب سے پے در پے اضافوں اور مختلف عنوانوں سے طلباوطالبات کے والدین سے پیسے بٹورنے کی رپورٹوں کے تناظر میں فیس سے متعلق سخت قاعدے ضابطے مقرر کردیئے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود نجی اسکول والے کسی نہ کسی عنوان سے ہم سے پیسے نکلوا ہی لیتے ہیں۔ بچوں کے بہتر مستقبل کے چکر میں کسی بھی قسم کی اضافی فیس مجبوری بن چکی ہے۔ اسی کا جائز فائدہ اسکول والے اٹھا رہے ہیں۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جنہوں نے اس سے مختلف رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ زمانہ لد گیا جب اسکول والے من مانی کیا کرتے تھے ، اب سعودی قیادت ایسے کسی بھی ادارے یا فرد کے ساتھ ادنیٰ قسم کی نرمی روا نہیں رکھے گی جو مقررہ قوانین سے کھلواڑ کی کوشش کرے گا۔ نجی اسکولوں میں جہاں تارکین کی بچیاں اور بچے زیر تعلیم ہیں وہیں خوشحال سعودی گھرانوں کے بچے تعلیم پا رہے ہیں۔ 
 

شیئر: