Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راجستھان پولیس کا وزیرداخلہ راجناتھ کو گارڈ آف آنر دینے سے انکار

    جے پور۔۔۔۔۔  راجستھان پولیس  کے اہلکار وں نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو گارڈ آف آنر پیش کرنے سے انکار کردیا اور ایک دن کی چھٹی پر  چلے گئے۔  پولیس اہلکاروں کا یہ اقدام  اس افواہ کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیاتھا کہ ریاستی  وزارت داخلہ نے   ان کی تنخواہوں میں کمی کردی ہے۔  پولیس اہلکاروں  نے جیسے ہی  اس بات کی اطلاع پائی کہ مرکزی  وزیر داخلہ جودھ پور  آرہے ہیں تو تقریباک ڈھائی سو اہلکاروں نے  ایک دن کی چھٹی کی درخواست  د یدی اور  راج ناتھ سنگھ  کے  گارڈ آف آنر تقریب میں شرکت نہیں کی۔  راجستھان کے ڈی جے پی اجیت سنگھ  نے بتایا کہ  جن  اہلکاروں نے چھٹی کی درخواست دی تھی  انہیں منظور نہیں کیا گیا اور  انہیں ڈیوٹی سے غیر حاضر تصور کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک دن کی چھٹی پر جانیوالے اہلکاروں  میں  سے بعض وہ تھے جنہیں  گارڈ آف آنر میں  شامل ہونا تھا لیکن انہوں نے ڈیوٹی پر آنے سے انکار کردیا۔  صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے  انکی جگہ پر دوسرے پولیس اہلکاروں کو گارڈ  آف آنر میں شامل کیاگیا۔  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دراصل  پولیس اہلکاروں میں  ایک افواہ  تیزی سے گشت کرنے لگی کہ ان کی موجودہ تنخواہ 24 ہزار روپے سے کم کرکے  19 ہزار روپے کردی گئی ہے۔  یہ  پیغام واٹس ایپ پر  وائرل ہونے سے  پولیس کے مختلف گروپوں میں تشویش   پیدا ہوگئی۔ چونکہ دیوالی  کا تہوار  آنیوالا ہے ایسے میں اس طرح کی  افواہیں  یقینا منفی اثرات  سامنے لاتی ہیں ۔ پولیس  اہلکاروں کیخلاف  ڈسپلن شکنی کی کارروائی کی جائیگی اور جن لوگوں نے  ایک دن کی چھٹی کرکے  وزیر داخلہ کی تقریب میں شرکت سے انکارکیا ان کیخلاف تادیبی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔  ڈائریکٹر  جنرل آف پولیس نے  تمام  آئی جیز اور  ضلع کپتانوں کو  ایک  وارننگ بھی بھیج دی ہے  جس میں کہا گیا ہے کہ تنخواہوں میں کمی سے متعلق جو افواہ  گشت کررہی ہے  اسکی فوری طور پر تردید کی جائے۔  دریں اثناء  اس افواہ کے پیش نظر جے پور میں 2  پولیس کانسٹیبلوں نے احتجاجاً  اپنے  سروں کو منڈوا دیا جس کے بعد انہیں فوری طور  پر لائن حاضر کردیاگیا۔

شیئر: