Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین قونصلیٹ کیجانب سے سیوہاروی اکیڈمی کےلئے خدمت ایوارڈ

ضیوف الرحمان کی خدمت کا مقصد حصول رضائے رب ہے ، بہجت نجمی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ضیوف الرحمان و زائرین کی خدمت و رہنمائی پر قونصلیٹ جنرل آف انڈیا کی جانب سے مولانا حفظ الرحمان سیوہاروی اکیڈمی کو تعریفی سند دی گئی ۔ قونصلیٹ میں منعقد ہ تقریب کے دوران قونصل جنرل نوررحمان شیخ نے سیوہاروی اکیڈمی کے بانی بہجت ایوب نجمی کو تعریفی سند حوالے کی اور انکے کارہائے نمایاں کو سراہا۔ اس موقع پر قونصل حج شاہد عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ مولانا حفظ الرحمان سیوہاروی اکیڈمی کا تعارف کراتے ہوئے ناظم تقریب نے کہا اکیڈمی کی جانب سے حج سیزن میں مثالی خدمات انجام دی جاتی ہیں جن میں عازمین حج کی رہنمائی اور انہیں درکار معلومات فراہم کرنے کے علاوہ مملکت آنے والے معتمرین کی فلاح و بہبود کےلئے بھی اکیڈمی کے رضا کار پیش پیش رہتے ہیں ۔ انڈین قونصلیٹ اور انڈین حجاج ویلفئیر فورم کی جانب سے اکیڈمی کی خدمت کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سند دی جارہی ہے ۔اکیڈمی کے بانی صدر بہجت ایوب نجمی نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج یا عمرے پر آنے والے اللہ تعالی کے مہمان ہیں انکی خدمت کا بنیادی مقصد حصول رضائے رب ہے ۔علاوہ ازیں اکیڈمی کی جانب سے جدہ میں مقیم ضرورت مندوں کی بلا تخصیص اکیڈمی کے پلیٹ فارم سے مدد کی جاتی ہے خاص کر ماہ رمضان المبارک میں راشن پیکٹ اور مستحق طلباءکے لئے کورس کی کتابوں اور اسٹیشنری کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ بیواﺅں اور یتیموں کی دیکھ بھال کےلئے بھی اکیڈمی کے زیر انتظام مختلف منصوبے ہیں جو مخیر افراد کے تعاون سے کیا جاتا ہے ۔ نجمی نے مزید بتایا کہ آئندہ برس حج سیزن میں وہ فلاحی امور کے دائر ے کو مزید وسعت دیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ضیوف الرحمان کی خدمت کی جاسکے ۔ 

شیئر: