نوٹ بندی کی حمایت پر کمل ہاسن نے مانگی معافی
نئی دہلی۔۔۔۔۔۔۔ جنوبی ہندوستان کے معروف اداکارکمل ہاسن نے نوٹ بندی کی حمایت کرنے پر معافی مانگی ہے۔ انہوں نے کہا ہے جلد بازی میں نوٹ بندی کے فیصلہ کی حمایت کر دی تھی جس کیلئے معافی مانگتےہیں۔ایک تمل میگزین میںکمل ہاسن کے نام سے مضمون شائع ہوا ہے جس کا عنوان ہے’ ’اےبگ اپولجی ‘‘ یعنی ایک بڑی معافی۔ اس میں انہوں نےتحریرکیاکہ انہیں ان کی غلطی کا احساس ہو گیا ہے اس لئے اب وہ نوٹ بندی کی حمایت پرمعافی کے طلب گار ہیں۔گزشتہ سال مودی حکومت نے جب اچانک نوٹ بندی کا اعلان کیا تھا تو کمل ہاسن ان معروف شخصیتوں میں شامل تھے جنہوں نے اس اقدام کی تعریف کی تھی۔ اس وقت کمل ہاسن نے لکھا تھا،مسٹر مودی کو سلیوٹ ہے ، نوٹ بندی کو پارٹی لائن سے بالاتر ہو کر سپورٹ کرنا چاہئے۔ یہ ٹیکس دہندگان کے لئے بڑا قدم ہے۔انہوں نے مزیدتحریرکیا کہ میرے کئی ساتھیوں نے میری حمایت کے بعد مجھے تفصیل سے آگاہ کیا جس کے بعد مجھے احساس ہوا کہ منصوبہ بھلے ہی اچھا ہے لیکن اسے صحیح طریقہ سے نافذ نہیں کیا گیا۔‘‘ کمل ہاسن نے کہا کہ اگر وزیر اعظم مودی بھی اس کے لئے معافی مانگیں تو میں انہیں ایک بار پھر سے سلیوٹ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ غلطی کا اعتراف کر لینا ایک اچھےانسان کی پہچان ہوتی ہے اور گاندھی جی اسی اصول پر عمل پیرا تھے۔