ریاض .... سعودی عرب میں اقوام متحدہ کے ماتحت خوراک و زراعت تنظیم (فائو) کے نمائندے ڈاکٹر ابوبکر عبدالعزیز محمد نے واضح کیا ہے کہ پناہ گزینوں کی سب سے زیادہ مدد کرنیوالا ملک سعودی عرب ہے ۔ مملکت نے 2014ء کے دوران 80سے زیادہ ممالک کو انسانی اور ترقیاتی مدد فراہم کی ۔54ارب ریال سے زیادہ پیش کئے گئے ۔ یہ سعودی عرب کی مجموعی قومی آمدنی کا 1.9فیصد سے زیادہ ہے ۔ دنیا کے کسی بھی ملک نے اپنی مجموعی قومی آمدنی کا اتنا بڑا حصہ امداد پر صرف نہیں کیا ۔ عالمی تنظیم فائو نے بدھ 18اکتوبر کو الخرج میں 37واں عالمی یوم خوراک منایا ۔ ابوبکر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ 150ممالک نے عالمی یوم خوراک منایا ۔ الفائو کے قیام پر 72برس گزر چکے ہیں ۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ عالمی اعداد و شمار کے مطابق خانہ جنگیوں ، غربت اور قحط سالی کے باعث نقل مکانی کا رواج بڑھ رہا ہے ۔ تقریباً 244ملین پناہ گزین دنیا بھر میں موجود ہیں جبکہ 763ملین لوگ اپنے اپنے ملک میں اپنی بستیوں سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں ۔ 65ملین ایسے ہیں جنہیں زبردستی بستیاں چھوڑنے پر مجبور کیا ہے ۔ دیہی علاقوں سے نقل مکانی کرنیوالے 75فیصد سے زیادہ ہیں ۔ 32لاکھ سیاسی پناہ گزین ہیں ۔