اسلام آباد... ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفر نس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن محمد صفدر پر فردِ جرم عائد کردی گئی۔ عزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں نواز شریف پر فرد جرم عائد کی گئی ۔ سابق وزیر اعظم پر فرد جرم ان کی عدم موجودگی میں ان کے نمائندے کے ذریعے عائدکی گئی ۔مریم نواز اور کیپٹن صفدر عدالت میں موجود تھے ۔ انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا ۔اس سے قبل مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے وکیل نے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پانا مہ پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ کی جِلد نمبر 10 موجود نہیں ۔ فردِ جرم عائد کرنے کے لئے عدالتی کارروائی کو روک دیا جائے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فردِ جرم عائد کرنے کے لئے جے آئی ٹی رپورٹ کی ضرورت نہیں۔احتساب عدالت نے درخواست کو خارج کردیا۔ شریف خاندان کی جانب سے ایک اور درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا نیب کی جانب سے دائر تینوں ریفرنس کو یکجا کرکے کارروائی کی جائے تینوں ریفرنسز میں الزامات، نیب کے قانون کی دفعات اور گواہان بھی ایک ہی ہیں۔