Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف پارٹی ٹیک اوور کر لیں،ریاض پیرزادہ

اسلام آباد...وفاقی وزیر کھیل و بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف آگے بڑھ کر پارٹی ٹیک اوور کر لیں موجودہ حالات میں وہی پارٹی کو متحد رکھ سکتے ہیں۔ ملک کو ٹیکنوکریٹ حکومت کی ضرورت ہے نہ وہ ملک کو ٹھیک کر سکتے ہیں۔ ہمیں صرف انصاف کی ضرورت ہے آپ اس ملک میں چار، پانچ ایسے افراد تعینات کر دیں جو لوگوں کو انصاف مہیا کریں۔ ہمیں بھی انصاف دیا جائے۔ نیشنل پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں انہوں نے کہا کہ ہمیں فوج انصاف دے سکتی ہے نہ پارلیمنٹ نے خود کو اس کا اہل ثابت کیا ہے کہ وہ ہمیں انصاف دے سکے۔ ہمیں عدالتوں سے انصاف چاہئے امید ہے کہ انصاف دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات سے ثابت ہواہے کہ فوج ملک کو نہیں چلا سکتی اس کی3 مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ ٹیکنوکریٹ حکومت بھی ہمارے مسائل کا حل نہیں۔ اگر ہماری معیشت ٹھیک نہیں اور خزانہ خالی ہے تو ٹیکنوکریٹ کی حکومت آنے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ عالمی مالیاتی ادارے ہمیں ان کے آنے سے پیسے دینے شروع نہیں کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل شفاف اور ایماندار لوگوں پر مشتمل حکومت ہے جو کہ احتساب پر یقین رکھتی ہو۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے خیال میں شہباز شریف چونکہ زیادہ تر وقت عوام میں رہتے ہیں اس لئے وہ عوامی رائے کو زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔ موجودہ حالات میں اداروں سے بہتر تعلقات اور ان کے احترام کی پالیسی ہی وقت کا تقاضا ہے۔ اس حوالے سے شہباز شریف بالکل درست سمت کی نشاندہی کر رہے ہیں ۔ وہی واحد شخصیت ہیں جو نوازشریف کی عدم موجودگی میں پارٹی کو متحد اوریکجا رکھ سکتے ہیں ورنہ پارٹی مسائل کا شکار ہو سکتی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نوازشریف پر فرد جرم عائد ہونے سے ابھی تو کام شروع ہوا ہے ابھی اس سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ سیاستدانوں پر مقدمات بنتے رہتے ہیں اور وہ ان کا سامنا بھی کرتے رہتے ہیں یہ نئی بات نہیں ۔جو لوگ سیاست میں آتے ہیں وہ اس کے لئے تیار رہتے ہیں۔

شیئر: