لاہور... اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قومی حکومت کی آئین و قانون میں گنجائش نہیں۔ وہ زمانے گئے جب اعلی عدلیہ اس طرح کے اور بغیر مانگے فیصلے دیتی تھیں۔ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان میں دیگر ملکوں کی طرح جمہوریت مستحکم نہیں ہوسکتی۔ جمہوریت دشمن چاہتے ہیں کہ ادارے آپس میں لڑیں۔ اداروں میں تصادم کسی بھی طور پاکستان کے حق میں نہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نواز شریف کے وکلا عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، وہ اپنی اہلیہ کی تیمارداری کیلئے لندن میں موجود ہیں جیسے ہی ان کی طبیعت میں بہتری آئے گی نواز شریف پاکستان واپس آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ یا فوج کو کسی نے گالی نہیں دی۔ ان کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی رکن اسمبلی کی گرفتاری سے پہلے تحریری طور پر اسپیکر کو آگاہ کرتے ہیں۔ خواہش ہے کہ کسی بھی جمہوری شخص کو گرفتار نہ کیا جائے ۔ وہی شخص ہوں جس نے استعفے قبول نہیں کئے تھے۔ پوری کوشش کی تھی کہ ان کے خلاف آنے والی قراردادوں کو مسترد کیا جائے۔ لاکھوں کروڑوں ووٹ لے کر آنے والے لوگوں کو چند لوگوں کی خواہش پر حق نمائندگی سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔