گفتگو میں بحث سے اجتناب کریں
بعض اوقات سامنے والی خاتون کی بات دل پر ایسی لگتی ہے کہ جی چاہتا ہے فوراًاسے جھڑک دیا جائے۔ ایسا اکثر خواتین کے ساتھ ہوتا ہے کہ بات چیت کے دوران کسی بات پر اختلاف ہو جاتا ہے اور صورتحال بگڑتی ہوئی دکھائی دیتی ہے ۔ایسے میں اگر دو طرفہ الفاظی جنگ شروع ہو جائے تو معاملات سلجھنے کے بجائے مزید الجھ جاتے ہیں۔
چھوٹی سی بات سے شروع ہونے والے ایسے اختلافات اکثر اتنا بڑھ جاتے ہیں کہ بات تعلقات ختم ہونے تک پہنچ جاتی ہے۔ اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہوتا ہے کہ آپ کی کوئی رشتے دار خاتون جان بوجھ کر ایسی بحث چھیڑ لیتی ہے جس پر اختلافات ہو سکتے ہیں تو پھر کوشش کیا کریں کہ بات چیت کے دوران اپنے دماغ کو ٹھنڈااور زبان کو قابو میں رکھیں۔ کوشش کریں کے جس طرح گفتگو کا آغاز اچھے انداز میں ہوا ہے ،اسی طرح اس کا اختتام بھی اچھے اندازمیں ہو۔اس طرح کرنے سے نہ صرف آپ لڑائی سے بچی رہیں گی بلکہ رشتے داری ختم ہونے تک بھی معاملہ نہیں پہنچے گا۔