اسلام آباد...وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے کہا ہے کہ شہبازشریف کے (ن )لیگ کو ٹیک اوور کرنے کے بیان پر اب بھی قائم ہوں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہمیشہ سیدھی بات کی جس سے سب ناراض ہوجاتے ہیں۔ شہبازشریف نواز شریف کے ایک تابعدار بھائی ہیں اس لئے ایک بھائی کو پارٹی ٹیک اوور کرنے کا کہا۔اس بیان پر قائم ہوں۔ انہوںنے کہا کہ میری گفتگو کے سیدھے مطلب ہوتے ہیں اس میں کوئی سازش کی بات نہیں۔نوازشریف کی لیڈر شپ پر بھی کوئی اعتراض نہیں۔صرف آنے والے وقت کی فکر ہے کہ اس طرح ہماری جماعت الیکشن میں کیسے جائے گی؟ انہوںنے کہاکہ کیا شہبازشریف ٹرپل ون کے بریگیڈیئر ہیں۔اگر ایسا ہے تو الفاظ واپس لیتا ہوں۔ شہبازشریف کبھی نوازشریف کے حکم کے خلاف نہیں گئے۔ریاض پیرزادہ نے کہا کہ مجھ پر جو تنقید کررہے ہیں مجھے نہیں پتا ان کے دل میں کیا ہے۔ جس کشتی کا سوار ہوں اس میں سوراخ کرنے والا نہیں ہوں ۔مجھ پر کسی کا کوئی دباﺅنہیں جبکہ موسمی مینڈکوں کی کوئی پروانہیں۔کسی کی پگڑی نہیں اچھالی بلکہ ہمیں دہشت گرد کہہ کر ہماری پگڑی اچھالی گئی۔