برطانوی خاتون کے مزے، طیارے کی اکلوتی مسافر
جمعرات 26 اکتوبر 2017 3:00
گلاسگو .....آج کے دور میں جبکہ فضائی سفر بہت عام ہوگیا ہے طیاروں پر سیٹ کا حصول مشکل ہوتا جارہا ہے کیونکہ مسافروں کی تعداد زیادہ ہوگئی ہے اورطیارے کم پڑنے لگے ہیں یا آؤٹ آف سروس ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ جہاں تک فضائی مسافروں کا تعلق ہے تو اگر طیارہ مکمل طور پر بھرا ہوا ہو تو بھی کچھ لوگوں کو الجھن محسوس ہوتی ہے۔ کم مسافر سکون اور اطمینان کا باعث بنتے ہیں مگر یہاں ایک خاتون مسافر کے ساتھ قسمت نے بہت مہربانی کی جو تعطیلات گزارنے کیلئے بیرون ملک جارہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق 57سالہ بڑی بی کیرون گریو نے تعطیلات گزارنے کیلئے گلاسگو سے کریٹ جانے کا قصد کیا تھا تاہم 4گھنٹے کی مسافت والے اس سفر کیلئے انہیں اتنی زیادہ رعایت پہلے ہی دیدی گئی کہ صرف 46پونڈ وصول کئے گئے۔ بعد میں جب وہ جیٹ ٹو کی پرواز پر سوار ہوئیں تو یہ دیکھ حیران رہ گئیں کہ پورے طیارے میں وہی ایک تنہا مسافر ہیں۔ عملے کے 2سے 4افراد موجود بھی ہیں تو نظر نہیں آرہے۔ خاتون دوسرے مسافروں کے انتظار میں پہلے تو بیٹھی رہیں مگر جب طیارے کے ٹیک آف کا اعلان ہوا تو حیران ہوگئیں۔ طیارے کاعملہ چونکہ بڑی حد تک فارغ تھا اسلئے انہوں نے ’’ ہاتھ آنیوالی‘‘ اس اکلوتی خاتون مسافر کی بڑی خاطر مدارت کی اور انہیں وی آئی پی سروس فراہم کی۔ واضح ہو کہ اس طیارے میں 179مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔اڑان بھرنے کے بعد طیارے کے پائلٹ نے خاتون کو انتہائی عزت و احترام سے سفر کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بار بار انٹرکوم پر پائلٹ نے ان کا نام لیکر مخاطب کیا اور کہا کہ طیارہ کس کس ملک کے اوپر سے گزر رہا ہے۔ اتنی زبردست پذیرائی دیکھ کر خاتون خوش تھیں۔ 57سالہ خاتون ڈینلوپ کی رہنے والی ہیں۔ خاتون کا کہناہے کہ انہیں یونان کے سب سے بڑے جزیرے کریٹ کے لئے بکنگ کراتے وقت یہ پتہ چلاتھا کہ ان کے علاوہ 2اور مسافر بھی اسی فلائٹ سے جارہے ہیں مگر بقیہ دونوں افراد وقت پر ایئرپورٹ نہیں پہنچ سکے اور طیارے نے اڑان بھر لی۔