جدہ ساحل کے دلکش مناظر؟
اتوار 29 اکتوبر 2017 3:00
جدہ ...... مکہ مکرمہ گورنریٹ نے جدہ ساحل کی آرائش و زیبائش کے نئے منصوبے کے مناظر جاری کردیئے۔ ویب سائٹ پر جو تصاویر جاری کی گئی ہیں وہ انتہائی دلکش مناظر پر مشتمل ہیں۔ اہل جدہ ان دنوں ساحل منصوبے کے افتتاح کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ شمالی کورنش4 اور5 میں ایسی سہولتیں مہیا ہونگی جو ماضی میں پہلے کبھی فراہم نہیں تھیں۔ یہ جدہ ساحل کو جدید خطوط پر استوار کرنے والا تیسرا منصوبہ ہے۔ اس پر عمل درآمد مارچ 2011ءمیں شروع ہوا تھا۔ کوسٹ گارڈز کے دفتر سے لیکر میدان النورس تک 3.6کلو میٹر کا علاقہ شمالی کورنش 1،2کی صورت میں سنوارا گیا تھا۔ افتتاح دسمبر 2012 ءمیں ہوا تھا۔ پھر وسطی ساحل پر کام شروع کیا گیا ۔ قصر السلام کے جنوب سے گھڑ دوڑ کلب تک کاعلاقہ سجایا گیا۔ یہ 3.6کلو میٹر کا ہے۔ اس کا افتتاح اپریل 2013ءمیں کیا گیا۔ نیا منصوبہ زیادہ بڑا ہے۔ اسکے تحت سمندر میں چہل قدمی کا انتظام ہے۔ تیراکی کے 3ساحل ہیں۔ 17 پلازہ، 14فوارے اور 5کنٹرول ٹاور بنائے گئے ہیں۔ سمندری ٹیکسی، سمندری کھیلوںکے مراکز، جمالیاتی مجسمے، پیدل چلنے والوں کیلئے معلق پل اور تفریحی مراکز بنائے گئے ہیں۔