لندن .... نوجوان پا پ اسٹار جو راتوں رات شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گیا ہے اتنی جلدی اپنے مداحوں کی بڑی تعداد پیدا کرچکا ہے کہ دوسرے فنکاروں کو رشک آرہا ہے۔23سالہ ہیری جلد ہی برطانیہ میں اپنا پہلا سولو کنسرٹ پیش کرنیوالا ہے اور جیسے ہی کنسرٹ کی خبر عام ہوئی نوجوانوں میں زبردست جوش و جذبہ پیدا ہوگیا ہے۔ لڑکیا ں خاص طورپر اسکا پروگرام دیکھنے اورسننے کیلئے بے چین ہیں۔ اس پروگرام کیلئے ہیری نے ہیمر اسمتھ فلائی اوور کو بطور اسٹیج استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نتیجہ یہ ہے کہ فلائی اوور کی تقریباً تمام سڑکوں پر اس کے مداحوں نے ڈیرے ڈالدیئے ہیں۔ پروگرام دیکھنے کیلئے ٹکٹوں کی فروخت بھی غیر معمولی تیزی سے شروع ہوچکی ہے۔ جو لوگ یہاں پہنچے ہیں ان میں سے بہت سے مداح دور دراز علاقوں کے رہنے والے ہیں اور بطور خاص اس پروگرام میں شرکت کیلئے آئے ہیں۔ اسکے مداحوں نے جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایسی فضا پیدا کردی ہے کہ جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس کے سارے مداح ہذیانی کیفیت میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ جگہ جگہ اس کی تصاویر کے بینر بھی لگ چکے ہیں۔ پروگرام کا اصل مرکز مغربی لندن ہوگا مگر مشرقی لندن میں بھی زبردست سرگرمیاں دیکھی جارہی ہیں۔ واضح ہو کہ 23سالہ ہیری نے سائن آف دی ٹائمز نامی پروگرام پیش کرکے ہلچل مچا رکھی ہے اور اب وہ پورے یورپ کے دورے پر نکلا ہے اور لندن کا دورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ لندن کا پروگرام 2دن تک جاری رہیگا۔