نیویارک سٹی ۔۔۔ ہالی ووڈ کے آنجہانی اداکار پال نیومین کے زیر استعمال ایک گھڑی ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے زائد میں نیلام ہوئی ہے جس کی قدر پاکستانی کرنسی میں ایک ارب 84 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔نیویارک کے معروف نیلام گھر فلپ آکشنز کے تحت ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور ہدایت کار پال نیو مین کے زیر استعمال رہنے والی گھڑی کی نیلامی ہوئی۔ نیلامی میں موجود 700 سے زائد افراد کے علاوہ 43 ملکوں کے سیکڑوں افراد نے بذریعہ ٹیلی فون اور انٹر نیٹ حصہ لیا اور بالآخر ایک کروڑ 77 لاکھ 52 ہزار 500 ڈالر کی بولی لگانے والے نے گھڑی اپنے نام کرلی۔ اس طرح یہ گھڑی نیلام ہونے والی مہنگی ترین گھڑی بن گئی ہے تاہم اس کے خریدار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔معروف گھڑی ساز کمپنی رولیکس کی اس گھڑی کو کوسموگراف ڈیٹونا کہا جاتا ہے اور پال نیومین نے اسے 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’کلر آف منی‘‘ میں استعمال کیا تھا۔ اسی مناسبت سے اس ماڈل کی گھڑی کو پال نیو مین کی یادگار سمجھاجاتا ہے۔نیلام گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیلامی سے قبل سمجھا جارہا تھا کہ گھڑی زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوگی لیکن گھڑی ان کے اندازے سے کئی گنا زیادہ رقم میں نیلام ہوئی۔