سعودی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ، سرمایہ کاروں کو 16ارب ریال کا فائدہ
سارے اشاریئے مثبت ، کاروباری مالیت 39فیصد فروغ کے بعد 15ارب ریال تک پہنچ گئی
غیاث الدین۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بہتری نوٹ کی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 84پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 45.86پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 6956.91پوائنٹس پر بندہوا۔ سارے اشاریئے مثبت زون پر اختتام پذیر ہوئے۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 15فیصد اور 24فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا جبکہ کاروباری مالیت 39فیصد کے فروغ کے بعد 15بلین ریال تک پہنچ گئی۔ قیمتوں کے اضافے سے سرمایہ کاروں کو 16ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ انفرادی کمپنیوں میں عربین شیلڈ کو برتری حاصل رہی جس کی قیمت 13.74فیصد اضافے کے بعد 42.35ریال تک پہنچ گئی جبکہ منافع کے لحاظ سے ریڈسی ہاﺅسنگ دوسرے نمبر پر رہی جس کی پرائس 11.43فیصد فروغ کے بعد 29.27ریال پر بند ہوئی۔ امانہ انشورنس کی قیمت 11.25فیصد اضافے کے بعد 26.10ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے ٹریڈ یونین انشورنس ٹاپ پر رہی جس کی قیمت 7.77فیصد کمی کے بعد 20.84ریال پر بند ہوئی جبکہ نقصان کے لحاظ سے ینبع سیمنٹ دوسرے نمبر پر رہی جس کی پرائس 5.95فیصد انحطاط کے بعد 26.39ریال پر بند ہوئی۔ انرجی سیکٹر میں پیٹرورابغ کو سب سے زیادہ فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 4.14فروغ کے بعد 14.33ریال پر اختتام پذیر ہوئی جبکہ میٹریلز سیکٹر میں سب سے زیادہ فائدہ ناما کیمیکلز کو ہوا۔ جس کی قیمت 6.95فیصد اضافہ کے بعد 19.17ریال پر بند ہوئی۔ سرمایہ کار خام تیل کی قیمت پر بھی نظر رکھیں جس کی قیمت ایک ہفتہ میں 4فیصد اضافے کے بعد 54.30فی بیرل پر پہنچ چکی ہے۔