Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسداد بدعنوانی مہم سے اصلاحات کا عمل تیزی سے بڑھے گا، ماہرین

ریاض.... سعودی ماہرین سماجی وقانونی و معاشی امور نے واضح کیا ہے کہ بدعنوان خود کو قانون سے بالاتر سمجھے ہوئے تھے انسداد بدعنوانی مہم سے اصلاحات کا عمل تیزی سے آگے بڑھے گا۔ نوجوانو ں کا کہنا ہے کہ ہمیں اس مہم کا شدت سے انتظار تھا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس کا اعلان کرکے سعودی عرب کے ہر طبقے کو خوشخبری سنا دی کہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں۔ جو بھی غلط کام کرے گا اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ سعودی کالم نگار صالح الزہرانی نے بدعنوانی کے انسداد کیلئے اعلیٰ کمیٹی کے قیام سے متعلق شاہی فرامین پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہی فرامین کے اجراءکا دن سعودی عرب کا تاریخی دن ہے۔ اس سے قبل ہم نے ایسا منظر نہیں دیکھا۔ بدعنوانی کی جڑیں کاٹنے کیلئے خادم حرمین شریفین کا مشن ہم سب سے تعاون کا طلب گار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حراست میں لی جانے والی بعض شخصیتیں خود کو وطن عزیز اور قانون سے بالا تصور کررہی تھیں انکے خلاف کارروائی کا دن وطن عزیز کو بدعنوانوں کے سیاہ کارناموں سے نجات دلانے والے دن کے طور پر یاد کیا جائیگا۔ عالمی بینکاروں اور تجزیہ نگارو ںنے اس اعتماد و یقین کا اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب میں بدعنوانی کی بیخ کنی کی مہم کی بدولت اصلاحات کا عمل تیز ہوجائیگا۔ مملکت میں سرمایہ کاروں، وزراءاور شہزادوں کو حراست میں لینے والے فیصلوں کا ابتدائی اثر اتوار کو تھوڑی دیر کیلئے حصص کے نرخوں میں کمی کی صورت میں سامنے آیا تھا تاہم شام تک حصص مارکیٹ بحال ہوگئی اور غیر مستحکم صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھانے کے کوشاں لوگوں کے خوابوں کا دھڑن تختہ ہوگیا۔ عالمی بینکاروں اور تجزیہ نگارو ںکا کہنا ہے کہ بدعنوانی کی بیخ کنی سے سعودی معیشت کو مدد ملے گی۔ اصلاحات کاعمل تیز ہوگا۔ بدعنوانی سے سعودی معیشت کافی عرصے سے متاثر چلی ِآرہی تھی۔ سعودی نوجوانوں نے انسداد بدعنوانی مہم کا پرجوش خیر مقدم کردیا۔ یہ بات امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ نے سعودی عرب میں بدعنوانوں کے خلاف شروع کی جانے والی فیصلہ کن مہم پر رائے عامہ کے تازہ ترین جائزے کے بعد بتائی ہے۔ بلومبرگ کا کہناہے کہ سعودی نوجوان بدعنوانی کے خلاف ایسی ہی جنگ کے خواب دےکھ رہے تھے۔ انکا احساس تھا کہ سعودی عرب کا اعلیٰ طبقہ خود کو قانون سے بالا سمجھ رہا ہے۔ ابتدائی عوامی ردعمل مثبت رہا۔ بہت سارے لوگوں نے سوشل میڈیا پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اس انتباہ سے یکجہتی کا اظہار کیاجس میں انہوں نے کہاتھا کہ قانون سے بالا کوئی نہیں۔

شیئر: