کراچی ...ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی متحد ہوگئیں ۔ دونوں جماعتیں ایک پلیٹ فارم سے کام کریں گی ورکنگ ریلیشن اور سیاسی اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا ہے آئندہ انتخابات ایک نام ، ایک منشور اور ایک انتخابی نشان پر لڑیں گے۔ آئندہ الیکشن کے لئے مشترکہ حکمت عملی تیار کریں گے۔ مل کر سندھ بالخصوص کراچی کے عوام کی خدمت اور مسائل حل کئے جائیں گے ۔ دونوں جماعتوں کے انضمام کا اعلان ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفی کمال نے بدھ کی رات کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ سیاسی اتحاد پاکستان ،سندھ اور کراچی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ،سندھ اور کراچی مسائل میں گھر ا ہوا ہے۔ عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے۔صرف سندھ نہیں پاکستان کے مسائل کو بھی حل کرنا ہے۔ ہمیں پاکستان کو قیادت فراہم کرنی ہے۔ تشدد کو کراچی میں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔ کراچی کے ووٹ بینک کی تقسیم روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی میں مشاورتی عمل ایک عرصے سے جاری تھا۔دیگر جماعتوں کو بھی اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیل ہونے والے دفاتر ہمیں دوبارہ واپس ملیں گے۔ مصطفی کمال نے اس موقع پر کہا کہ ایک منشور اور ایک پارٹی کے نام سے سیاسی جدو جہد کریں گے۔ پچھلے ماہ سے بات چیت کا سلسلہ جاری تھا۔ ایک پارٹی کے نام سے جدو جہد کرنے کو تیار ہیں۔نئے نام سے جدو جہد کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم اپنی جدوجہد ایسی شناخت سے کریں گے جو ایم کیو ایم کی نہیں ہوگی۔ایم کیو ایم صرف بانی متحدہ کی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہاجروں کے نام پر سیاست نہیں کروں گا۔