چار ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول : آسٹریلیا نے پاکستان کو 1-9سے ہرادیا
میلبورن: چار ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں9گول سے شکست دے کر کے شاندار آغاز کیا جبکہ بلیک گوورز نے ہیٹ ٹرک سمیت4گول کرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اپنا یادگار حصہ ڈالا ۔ میلبورن کے ا سٹیٹ نیٹ بال ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور 8ویں منٹ میں جیز ہیوارڈ نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی۔ صرف4منٹ بعد جیک ویٹن نے دوسرا گول کردیا۔دوسرے کوارٹر میں کلین شمٹ نے فیلڈ گول کرتے ہوئے برتری مزید مستحکم کردی۔ 32 ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کے آنسو پونچھنے کی کوشش کی تاہم پاکستانی ٹیم کی جانب سے یہ پہلا گول ہی آخری گول ثابت ہوا ۔ اس کے ایک منٹ بعد ہی کلین شمٹ نے گیند کو جال میں پھینکتے ہوئے پوزیشن 1-4کر دی۔ 43 ویں منٹ میں بلیک گوورز نے اپنا پہلا گول کر کے ا سکور5-1 کر دیا۔چوتھے کوارٹر میں آسٹریلیا نے تمام پاکستانی کھلاڑیوں کو دباو میں رکھا اور آخری کوارٹر میں مزید 4گول کرتے ہوئے مقابلہ 1-9کر دیا۔ 47 ویں منٹ میں ارونا سلام جبکہ 55 ویں، 56 ویں اور 60 ویںمنٹ میں گوورزنے یکے بعد دیگرے گول کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔پاکستانی ٹیم کی دفاعی لائن میزبان کھلاڑیوں کے سامنے بے بسی کا شکار نظر آئی اور آسٹریلیا نے اس ابتدائی میچ میں ہی بڑے مارجن سے فتح حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم آج دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہو گی جبکہ پاکستان اپنا تیسرا اور آخری میچ ہفتہ 11نومبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گا۔