حیدآباد۔۔۔تلنگانہ اسمبلی میں مجلس کے فلو رلیڈراکبرالدین اویسی نے پرانا شہر حیدرآباد کے مسائل پر علاقہ کے ارکان اسمبلی کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کرنے کا حکومت سے اسمبلی میں مطالبہ کیا ۔ وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما رائونے اس مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے آئندہ ہفتہ خصوصی میٹنگ طلب کرنے سے اتفاق کیا۔ اکبر اویسی نے پرانے شہر کے مختلف مسائل اٹھاتے ہوئے کہاکہ شہر حیدرآباد کو حیدر محل کی محبت میں قائم کیا گیا تھا اور اصل حیدرآباد کہیں ہے تو وہ پرانا شہر میں ہے۔انہوںنے کہا کہ پرانے شہر میں کئی تاریخی عمارتیں چارمینار،ہائی کورٹ ،عثمانیہ اسپتال ،سالارجنگ میوزیم ،قلعہ گولکنڈہ ، گنبدان قطب شاہی قائم ہیں۔پرانے شہر کے عوام کئی مسائل سے دوچار ہیں۔مجلس ہر حکومت کے سامنے ان مسائل کو اٹھانے کی کوشش کر تی ہے اور ہر مرتبہ وعدے کئے جاتے ہیں کہ پرانے شہر کو ترقی دی جائیگی لیکن پرانے شہر کو ترقی سے دور رکھا گیا ہے۔ کئی شعبوںمیں ترقی سے پرانے شہر کونظر انداز کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پرانے شہر کا سب سے بڑا مسئلہ چارمینار پیدل راہرو پروجیکٹ ہے جو10 تا 15برس سے جاری ہے۔گولڈن ٹیمپل کی طرز پر اس مسئلہ کے حل کیلئے با ر بار مطالبہ کیاجارہا ہے۔موسیٰ ندی کی صفائی کے پروجیکٹ کیلئے فنڈز عالمی بینک اور جاپان کے بینک سے لائے گئے تاہم اس ندی کو ترقی دینے کے اقدامات نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ نظامیہ طبی اسپتال ایک مشہور اسپتال ہے ، اس کو بھی نظرانداز کیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ پرانے شہر سے سیوریج حاصل تو کیاجاتا ہے لیکن یہاں کے کئی مقامات پر سیوریج کی لائنس نہیں ۔مجلس کی نمائندگی پر ہی حیدرآباد میں میٹر وٹرین لائی گئی ۔10 برس پہلے اس مسئلہ پر مجلس نے بات کی تھی ۔شہر میں میٹر و ٹرین تو آگئی تاہم پرانا شہر میں ابھی تک میٹرو ٹرین نہیں لائی گئی۔علاوہ ازیں معظم جاہی مارکٹ سے چارمیناراور گنبدان قطب شاہی سے گولکنڈہ تک ٹریمپ بنانے کا بھی مسئلہ زیرالتورہا ہے۔اس کے علاوہ پرانے شہر کے کئی مسائل ہیں جن کو پرانے شہر کے ارکان اسمبلی کے ساتھ میٹنگ میں اٹھایاجائے۔ان مسائل پر تبادلہ خیال کیلئے حکومت نے اکبر اویسی کی تجویز پر ایک میٹنگ طلب کرنے سے اتفاق کرلیا۔