پیرس.... فرانس میں ایک خاتون کو اپنے ہی اغوا ہونے کا ڈرامہ کرنے کے جرم میں عدالت نے 6 ماہ قید کی معطل سزا سنائی ہے۔ اس خاتون کا یہ سب کرنے کا مقصد اپنے دوست کے ساتھ وقت گزارنا تھا۔25 سالہ سینڈی گائی لارڈ انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل فرنٹ کی ایک کارکن ہیں۔ عدالتی کارروائی میں بتایا گیا کہ ان کے اغوا کے جعلی واقعہ کے باعث ایک ہیلی کاپٹر سمیت 50 فوجی انھیں ڈھونڈنے کے لیے حرکت میں آ گئے تھے۔سینڈی گائی لارڈ پہلے ہی اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر چکی ہیں اور اپنے دوست کے ساتھ رہتی ہے تاہم یہ منصوبہ انھوں نے ایک تیسرے شخص کے ساتھ وقت گزارنے کیلئے بنایا۔عدالت نے ان پر 5000 یورو کا جرمانہ عائد کیا اورانھیں ماہرِ نفسیات سے مدد حاصل کرنے کا حکم دیا۔سینڈی گائی لارڈ کے دوست نے پولیس کو اس وقت اطلاع دی جب سینڈی نے اپنے بوائے فرینڈ کو ایک ٹیکسٹ میسج بھیجا اور کہا کہ انھیں ایک کالی کار کی ڈگی میں بند کر کے کہیں لے جایا جا رہا ہے۔حکام نے ان کی تلاش 24 گھنٹوں تک جاری رکھی۔ تاہم ان کے بعد وہ خود ہی واپس منظر عام پر یہ کہتی ہوئی آگئیں کہ ان کے اغوا کاروں نے انھیں بس ایسے ہی جانے دیا۔ اس موقعے پر اْن پر ذہنی دباؤ کے کوئی اثرات نہیں تھے۔بعد میں انھوں نے جب اپنی کہانی سنائی تو اس میں بھی متعدد بار تضاد پایا گیا جس کے بعد حکام کو شک ہوا کہ وہ جھوٹ بول رہی ہیں۔جب پولیس نے ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی تو انھوں نے اعتراف کیا کہ یہ سارا ڈراما انھوں نے اپنے ایک اور دوست کے ساتھ ویک اینڈ گزارنے کیلئے کیا۔انھوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کے نئے ساتھی اس ڈرامے میں ملوث نہیں تھے۔