Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کی پہلی باحجاب باربی ڈول

واشنگٹن.... امریکی اولمپک فینسنگ کھلاڑی کے اعزاز میں ایک گڑیا متعارف کروائی گئی ہے جو کہ معروف گڑیا باربی کی سیریز میں پہلی حجاب پوش گڑیا ہے۔یہ گڑیا امریکی فنسر ابتہاج محمد کی شکل کی بنائی گئی ہے جنھوں نے گزشتہ سال ریو میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ وہ امریکی اولمپک کھلاڑی ہیں جنھوں نے حجاب پہنے کھیلوں میں شرکت کی۔ باربی گڑیا بنانے والی کمپنی ماٹل کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ سال میں چند ایسی خواتین کے عکس پر گڑیائیں بنائیں گے جو کہ انتہائی متاثرکن اور انسپریشنل ہیں۔حجاب پوش پہلی باربی گڑیا کو گلیمر جریدے کے ویمن آف دی ایئر اجلاس میں دکھائی گئی۔ابتہاج محمد کا کہنا تھا کہ جب میں ایک مسلمان لڑکی کے طور پر فنسنگ کے کھیل میں اپنے سفر کے بارے میں سوچتی ہوں تو مجھے احساں ہوتا ہے کہ میرا یہاں کوئی کام نہیں ہے۔ریاست نیوجرسی سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ بچپن میں وہ اپنی باربی گڑیائیوں کو ٹشو پیپر کے حجاب پہناتی تھیں تاکہ وہ ان کی اور ان کی بہنوں کی طرح دکھائی دیں۔ان کے اعزاز میں بنائی گئی باربی گڑیا کے ساتھ مکمل فنسنگ کا لباس، تلوار، ماسک، اور جوگرز فراہم کیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ حجاب بھی شامل ہے۔ابتہاج محمد کا کہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ اس گڑیا کی وجہ سے چھوٹی بچیاں اپنے ہر اس عنصر سے خوش رہیں گی جو انھیں منفرد بناتا ہے۔آج مجھے فخر ہے کہ چھوٹی بچیاں جو حجاب پہنتی ہیں اور جو نہیں بھی پہنتی، تمام آج ایک ایسی گڑیا کے ساتھ کھیل سکتی ہیں جو حجاب پہنتی ہیں۔
 

شیئر: