حب.. گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز کے آئل ٹینک میں دھماکے اور آ تشزدگی میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی۔ زخمیوں میںسے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ شپ بریکنگ یارڈ میں امدادی کارروائیوں کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا۔ جہاز میں لگی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا۔ آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث فائربریگیڈ حکام کو دشواری کا سامنا ہے۔بلوچستان کے سیکریٹری داخلہ نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کسی حملے کے تاثر کو رد کردیا اور کہا کہ گیس سلینڈر کے دھماکے سے جہاز میں آگ لگی۔امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔دریں اثناءکراچی سے پہنچنے والے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔دھماکے کی نوعیت اور وجوہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ گڈانی بلوچستان کی اس ساحلی پٹی پر ہے جو کراچی کے قریب ہے اور یہ پاکستان کا واحد شپ بریکنگ یارڈ ہے۔