امسال عازمین حج کو مزیدسہولتیں پیش کی جائیں گی، مختارنقوی
نئی دہلی۔۔۔2018ء میں حج پر جانے کیلئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ7دسمبر طے کی گئی ہے۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے ممبئی حج ہاؤ س میں حج2018ء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس بار مرکزی حکومت نے حج کا اعلان گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک ماہ پہلے کردیا ہے جس سے ٹور آپریٹرز اور ایجنسیوں کو تیاری کرنے کا موقع ملے گا۔بی جے پی اقلیتی مورچہ کے نائب صدر محمد عرفان نے بتایا کہ مودی حکومت کا ملک کوڈیجیٹل انڈیا کے فارمولے سے جوڑنے کا خواب پورا ہوتا نظر آرہا ہے۔ اس مرتبہ آن لائن فارم 17 ہزار اور آف لائن 3ہزار جمع کرائے گئے جو ڈیجٹلائزیشن کی سمت اہم پیشرفت ہے۔ حج2018میں ایک فیملی سے 4افراد ہی حج کیلئے فارم بھر سکتے ہیں ۔ ریویو کمیٹی نے 70سال سے زائد عمر کے لوگوں کو حج پر جانے سے روک دیا تھا تاہم حج کمیٹی آف انڈیا نے اسے ماضی کی طرح بحال کردیا ہے۔ یاد رہے کہ ملک کے 21ٹرمینل سے حاجیوں کی روانگی کی سہولتیں مہیا ہیں۔ اب حاجی کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ متعینہ کسی بھی ٹرمینل سے اپنا ٹکٹ کراکے حج کیلئے روانہ ہوسکتا ہے ۔