Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امسال ابتدائی 9ماہ کے دوران آمدنی میں23فیصد اضافہ ہوا، الجدعان

ریاض.... سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے رواں مالی سال 1438-39ھ کے قومی بجٹ کی تیسری سہ ماہی کے اعدادوشمار جاری کردیئے۔ انہوں نے بتایا کہ امسال ابتدائی 9ماہ کے دوران 450.1ارب ریال آمدنی اور 571.6ارب ریال اخراجات ہوئے۔121.5ارب ریال کا خسارہ ہوا۔ آمدنی گزشتہ برس کے ابتدائی 9ماہ کے دوران 23فیصد زیادہ ہوئی۔اخراجات 0.4فیصد کم اور بجٹ خسارہ 40فیصد کم رہا۔انہوں نے کہا کہ قومی بجٹ کی کارکردگی تسلی بخش رہی۔ آمدنی میں مزید بہتری پیدا ہوئی۔ سرکاری اخراجات کی کارکردگی اچھی رہی۔ بجٹ خسارے میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ عوام کی بنیادی خدمات کا معیار برقرار رکھا گیا۔ الجدعان نے کہا کہ سعودی وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مالی اعدادوشمار کے سلسلے میں صاف شفاف پالیسی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔2016ءکی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں 2017ءکی تیسری سہ ماہی میں آمدنی بڑھی ہے۔ تیل کے ماسوا ذرائع سے ہونے والی آمدنی میں 80فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکومت نے کفایت شعاری کا سلسلہ جاری رکھا۔ زیادہ تر سرکاری اخراجات تعلیم کے شعبے پر کئے گئے۔ تیسری سہ ماہی کی مجموعی آمدنی 142.1ارب ریال (11فیصد اضافہ) اور مجموعی اخراجات 190.9ارب ریال (5فیصد زیادہ) اور خسارہ 48.7ارب ریال ہوا۔ رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر قومی قرضہ 375.8ارب ریال تک پہنچ گیا۔ بانڈز کے ذریعے کامیابی سے ادائیگی عمل میں آئی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ تعلیم، صحت اور بلدیاتی خدمات پر بجٹ کا 44فیصد حصہ خرچ کیاگیا۔ انہوں نے اعتراف کیاکہ ا قتصادی چیلنج ہنوز موجود ہیں تاہم اقتصادی اصلاحات کا سلسلہ مقررہ مالیاتی توازن پروگرام کے تحت جاری و ساری ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی مالیاتی فنڈ کی پرامید رپورٹ سے ہم سب خوش ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ قومی بجٹ کی تیسری سہ ماہی کی رپورٹ کا اعلان یہ واضح کرتا ہے کہ ہم مالی معاملات میں شفافیت کا دائرہ بڑھاتے چلے جارہے ہیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ اسی پالیسی کی بدولت ہمیں عوام کا اعتماد ملتا رہیگا۔
 

شیئر: