سکھر... قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ۔وہ اپنی آئینی طاقت بھی استعمال نہیں کرسکتی۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ چند لوگوں نے اسلام آباد کو سیل کیا ہوا ہے۔ دھرنا حکومتی کمزوری اوررٹ ختم ہونے کی نشانی ہے۔اگر حکومت دھرنا ختم نہیں کراسکتی تو اسے اقتدار چھوڑ دیناچاہیے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف آئینی راستہ چھوڑ کر تصادم کی طرف گئے تو مزید پھنس جائیں گے۔ چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔انہوں نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ عمران خان کا حق ہے وہ کل سورج مغرب سے نکلنے کا مطالبہ کریں تو وہ بھی ان کا حق ہوگا۔ عمران خان کے صوبے میں ایک عورت کو تو انصاف نہیں مل سکا، ان کے دعووں کا پول کھل چکا ہے۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اخلاقی و سیاسی جرات کامظاہر ہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیئے۔