کراچی ...چائنا کٹنگ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ جو کرپٹ عناصر گرفت میں آتا ہے وہ بیمار کیوں پڑ جاتا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں لائنز ایریا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں227 سے زائدپلاٹوں کی چائنا کٹنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر لائنز ایریاری ڈیولپمنٹ پراجیکٹ میں مبینہ چائنا کٹنگ کرنے والے ملزم فرید یوسفانی کے وکیل نے میڈیکل سرٹیفیکٹ عدالت میں پیش کیا۔ چیف جسٹس احمد علی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جو کرپٹ ملزم گرفت میں آتا ہے وہ دل اور بلڈ پریشر کی بیماری میں مبتلا ہوجاتا ہے ، ہمیں علم ہے کہ بااثر افراد کی میڈیکل رپورٹس کس طرح بنتی ہیں۔کیوں نہ میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹروںکو طلب کیا جائے اس سے سارا معاملہ سامنے آجائے گا۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر کوئی جیل میں علاج نہ ہونے پر مر بھی گیا تو اس کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے۔ احمد علی شیخ نے کراچی اور اسلام آباد کے ماہر ڈاکٹروں کی2 دن میں فہرست پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔