کیلیفورنیا .... مکھیوں اور دوسرے اڑنے والے حشرات الارض پر تحقیق کرنے کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقامی جھیل کے قریب واقع نیشنل پارک میں بہت ساری ایسی مکھیاں دیکھی گئی ہیں جو پانی کے اندر کافی گہرائی تک غوطہ لگا سکتی ہیں۔ حیاتیاتی اعتبارسے یہ مکھیاں کافی دیر تک اپنا سانس روکنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان مکھیوں کو الکالی مکھیو ں کا نام دیا گیا ہے اور انکے جسم پر انتہائی باریک قسم کے بالوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے او رپورے بدن پر موم جیسی کوئی چیز کی پرت چڑھی رہتی ہے۔ سائنسدانوں کا کہناہے کہ یہ مکھیاں انتہائی نامساعد حالات میں زند ہ رہنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ زندہ رہنے کیلئے انہیں زیادہ تر نمکین اشیاء پسند ہیں یا پھر کائی پر گزر بسر کرنا انہیں اچھا لگتا ہے۔ حد یہ ہے کہ انڈے دینے کیلئے بھی یہ مکھیاں کائیوں کا استعمال کرتی ہیں۔ انکی لمبائی 6ملی میٹر تک بتائی جاتی ہے۔ سائنسدانوں کا کہناہے کہ اپنی خصوصی صلاحیتوں کی وجہ سے انہوں نے علاقے کی مشہور جھیل مونو پر ایک طرح سے ا پنی حکمرانی قائم کررکھی تھی۔ اب ان مکھیوں میں سے بعض کا سراغ ملا ہے اور جس پر مزید تحقیقی کام جاری ہے۔