اسلام آباد...وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ریاض پیرزادہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ کو مفرور قرار د یا جانا حکومت کیلئے اچھا نہیں ۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا مقدمے کے بعد اسحاق ڈار خود مستعفی ہو جاتے۔ ایسے حالات میں استعفیٰ جمہوریت کی خوبصورتی سمجھا جاتا ہے۔ استعفیٰ نہ دینے سے پیغام جاتا ہے کہ حکومت اپنا نظام چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زاہد حامد کا قصور نہیں، انہیں ہدف بنایا گیا ہے۔ احسن اقبال نئے وزیر داخلہ بنے ہیں انہیں دھرنے جیسی چیزوں کا ادراک نہیں۔ وزارت داخلہ چلانے کیلئے مہارت چاہیے۔چوہدری نثار ہوتے تو دھرنے کی صورتحال کنٹرول کر لیتے۔ مسئلہ گفتگو اور مذاکرات سے حل کیا جائے تو بہتر ی نکلے گی۔ مسئلہ حل نہ ہو تو حکومت کے پاس طاقت استعمال کرنے کا آپشن موجود ہوتا ہے۔