بیروت- - - - -- ایرانی پاسداران انقلاب نے پہلی بار حوثی باغیوں کی مدد کا کھل کر اعتراف کرلیا۔ پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد علی جعفری نے پریس کانفرنس کے دوران واضح کیا کہ پاسداران انقلاب حوثی ملیشیا کی مدد کر رہے ہیں۔ حوثی ملیشیا کو یمن میں اقتدار حاصل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی بات پر کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ حزب اللہ کی پہچان اس کے ہتھیار ہیں۔ حزب اللہ کے رضا کار لبنانی عوام کو اسرائیل کی جارحیت سے بچائیں گے ۔ انہو ںنے کہا کہ پاسداران انقلاب شام میں سرگرم کردار ادا کریں گے۔وہاں مستقل جنگ بندی کرائیں گے۔ میزائل سے متعلق ایران پر پابندی کے فرانسیسی مطالبات ناقابل قبول ہیں۔ فرانسیسی صدر ناتجربہ کار نوجوان رہنما ہیں۔ اس سے قبل یمن کی آئینی حکومت کی بحالی کیلئے قائم عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا تھا کہ ایران او رحزب اللہ حوثیوں کو ٹیکنالوجی اور ماہرین فراہم کر رہے ہیں۔ المالکی نے یہ بھی کہا تھا کہ ایران ہی نے حوثیوں کو بیلسٹک میزائل او رزمین سے زمین پر وار کرنے والے میزائل فراہم کئے ہیں۔ ایران ہی حوثیوں کو ڈرون طیارے بھی فراہم کر رہاہے۔