اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں لبنانی فنکار گرفتار
بیرو ت ۔۔۔لبنانی پولیس نے تھیٹر میں مزاحیہ کردار ادا کرنے والے فنکار زیاد احمد عیتانی کو اسرائیل سے رابطے اور دشمن ریاست کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتارکر لیا ۔حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ’ ’فیس بک‘‘ پر سرگرم ایک مشکوک خاتون کی شناخت کی جس کے بارے میں تحقیق کرنے سے پتا چلا کہ وہ اسرائیلی انٹیلی جنس اداروں کی اہلکار ہے۔ اس نے عیتانی کو بھی جاسوسی کیلئے بھرتی کیا اور وہ اس خاتون کو حساس معلومات اور اہم شخصیات کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کرتے رہے ۔پولیس اور خفیہ ادارے عیتانی کے صہیونی ریاست کے ساتھ رابطہ رکھنے کے شبے میں انکی اندرون اور بیرون ملک سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ لبنانی فنکار کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے عیتانی اور ان کی اہلیہ کو بیروت میں انکی رہائش سے حراست میں لیا تھا۔ دونوں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔