معین علی کے غلط آوٹ نے ایشز سیریز کا پہلا تنازع کھڑا کردیا
برسبین: انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ایشز ٹیسٹ کے دوران ہی نئے تنازع نے جنم لے لیا اور معین علی کو آوٹ قرار دینے پر انگلش شائقین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک غلط فیصلہ قرار دیا۔ ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار انگلش ٹیم کا اسکور 155 رنز تک پہنچا تو ناتھن لیون کی گیند کو معین علی سمجھنے میں ناکام رہے اور گیند وکٹ کیپر کے پاس پہنچی ، کیپر نے بیلز اکھاڑ کر اسٹمپڈ کی اپیل کردی۔امپائر نے کافی دیر سوچنے کے بعد معین علی کو آوٹ قرار دیا حالانکہ انتہائی بغور معائنے سے پتہ چل رہا تھا کہ انگلش آل راونڈر کے پیر کا معمولی حصہ لائن کے اندر ہے۔معین کو آوٹ قرار دیے جانے پر انگلش شائقین نے انتہائی غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے غلط فیصلہ قرار دیا۔جہاں کچھ شائقین نے تھرڈ امپائر پر بھڑاس نکالی وہیں کچھ حضرات نے کریز کی لائن کو بھی حد سے زیادہ موٹا قرار دیتے ہوئے اسے فیصلے کی وجہ بتایا۔
معین علی کے آوٹ ہونے کے معاملے پر ماہرین کرکٹ اور سابق کرکٹرز نے مختلف آرا کا اظہار کیا۔سابق آسٹریلین کپتان مائیکل کلارک نے فیصلے کو غلط گردانتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں معین کے پیر کا کچھ حصہ وکٹ کے پیچھے تھا اور انہیں شک کا فائدہ دیا جانا چاہیے تھا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ میدان میں صرف ٹم پین واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے اپیل کی لیکن دوسری جانب انگلش بلے باز بھی ناٹ آوٹ رہنے کے حوالے سے پراعتماد تھے تاہم سابق عظیم لیگ اسپنر شین وارن نے ان سے اختلاف کرتے ہوئے فیصلے کو درست قرار دیا اور کہا کہ میرے خیال میں کوئی ایسی وجہ نہیں تھی کہ معین کو آوٹ قرار نہیں دیا جاتا۔سابق انگلش کپتان مائیکل وان بھی ان کی رائے سے متفق نظر آئے اور امپائر کے فیصلے کو درست قرار دیا تاہم انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کریز کی اتنی موٹی لائن نہیں دیکھی۔