کوالالمپور.... ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں منعقدہ مسلم علماءکی عالمی کانفرنس کے شرکاء نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرکے فرزندان اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ اختلافی مسائل اسلامی آداب و اخلاق ، رحمدلی اور دینی اخوت کے جذبے کے ساتھ حل کریں۔ اختلافی مسائل کو ایک دوسرے سے لڑائی جھگڑے کا ذریعہ نہ بنائیں۔ رواداری کے جذبے کو رائج کریں ۔ عام مسلمانوں کے درمیان اختلافات کی گتھیاں برادرانہ انداز میں سلجھانے کا کلچر رائج کریں ۔ اہل و سنت والجماعت کے درمیان اسی انداز کو فروغ دیں ۔ مسلمانوں کے معتبر مسلکوں خصوصاً چاروں آئمہ ابو حنیفہ النعمان، مالک بن انس، محمد بن ادریس الشافعی اور احمد بن حنبل رحمة اللہ علیہم کا احترام کریں ۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ انتہاءپسندی ، شدت پسندی ، دہشت گردی اور تشدد عالمی مسئلہ ہیں انہیں کسی بھی مذہب اور کسی بھی ملک سے جوڑنا درست نہیں۔ ہر طرح کی دہشت گردی اور ہر طرح کی فکری ، دینی ، انتہاء پسندی کا مقابلہ ضروری ہے۔ انہوں نے آسیان کے مسلمانوں کے تعاون سے " امت وسط " کے زیر عنوان عالمی سالانہ کانفرنس کے انعقاد کی ہدایت پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسلام کی میانہ روی، رواداری ، اعتدال پسندی اور قرآن و سنت پر مبنی شرعی علوم کی نشر و اشاعت اور انتہاءپسندی کی مزاحمت کے سلسلے میں سعودی عرب اور ملائیشیا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس کی سرپرستی ملائیشیا کے وزیراعظم محمد نجیب اور سعودی عرب کے وزیر اسلامی امور شیخ صالح آل الشیخ نے کی۔