اسلام آباد ... سپریم کورٹ میں شریف خاندان کیخلاف حدیبیہ پیپر ملزکیس دوربارہ کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل پر منگل کو سماعت ہو گی ۔جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل دوبارہ سماعت کیلیے مقرر کرتے ہوئے نیا بنچ تشکیل دیا ہے۔ اس سے قبل جسٹس آصف سعید کھوسہ نے حدیبیہ کیس سننے سے معذرت کرلی تھی۔ ان کو موقف تھا کہ وہ 5رکنی پاناما بنچ کے سربراہ کی حیثیت سے کیس سن چکے ہیں ۔ نظر ثانی اپیل کی بھی سماعت کی تھی، رجسٹرار آفس نے غلطی سے ان کے سامنے مقدمہ لگادیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف پانامہ کیس کی سماعت کے دوران حدیبیہ پیپرملز کا معاملہ اٹھایا گیا تھا جس پر نیب کی جانب سے عدالت کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ نیب لاہو ر ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی ۔