انگلش کرکٹرز آسٹریلیا میں تنازعات کو دعوت نہ دیں
برزبن: انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور موجودہ ڈائریکٹر کرکٹ اینڈریو اسٹراﺅس نے خبردار کیا ہے کہ دورہ آسٹریلیا میں انگلش کھلاڑیوں کو ایشز سیریز کے دوران محتاط رہنا پڑے گا اور اسی قسم کے تنازع میں ملوث ہونا ان کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔یا درہے کہ انگلش وکٹ کیپرجونی بیئر اسٹو کی جانب سے پہلے ٹیسٹ سے قبل ایک ریستوران میں آسٹریلوی اوپنر کیمرون بین کرافٹ کو ٹکر مارنے کا واقعہ ان کیلئے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے اور بیٹنگ کے دوران اسی حوالے سے وکٹ کیپر کو طعنے دے کر ان کی وکٹ آسٹریلوی ٹیم نے آسانی سے حاصل کر لی تھی۔
اس صورتحال کی وجہ انگلش ٹیم پر کرفیو کے نفاذ کی تجویز بھی پیش کی گئی تاہم ٹیم ڈائریکٹر نے اسے مسترد کر دیا تھا ۔ ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی احتیاط کریں اور کسی بھی قسم کے تنازع میں ملوث نہ ہوں تاکہ میزبان ٹیم اس سے کوئی فائدہ نہ اٹھا سکے۔برزبن ٹیسٹ میں انگلینڈ کی شکست کے بعد کپتان کے ساتھ پریس کانفرنس میں آسٹریلوی اوپنر نے اس واقعے کو خوب نمک مرچ لگا کر سنایا اور کپتان اسٹیون اسمتھ بھی قہقہے لگاتے رہے۔اینڈریو اسٹراﺅس نے کہا کہ بین اسٹوکس کے واقعے کے بعد ہمیں بہت احتیاط کی ضرورت ہے اور کھلاڑی اپنی ساکھ کا خیال رکھیں۔