اسلام آباد... نیب نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت حدیبیہ کیس میں اپیل میں تاخیر کو نظر انداز کر کے کیس دوبارہ کھولنے کی استدعا کردی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے نئی درخواست دائر کی ہے جس میں عدالتی حکم کے 3سال بعد اپیل دائر کرنے کا جواز پیش کیا گیا۔نیب کی درخواست میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف حدیبیہ کیس میں اپیل دائر کرنے پر اثر انداز ہوئے ۔ ہائیکورٹ کی غلطی یا ججوں کی غیر سنجیدگی کے باعث کیس کو تکنیکی بنیادوں پر خارج نہیں کیا جاسکتا۔نیب نے موقف اختیار کیا کہ کیس کی دوبارہ تحقیقات کی استدعا مسترد کرنا انصاف کو جھٹلانے کے مترادف ہوگا۔ عدالت اپیل میں تاخیر کو نظر انداز کر کے کیس دوبارہ کھولنے کی اجازت دے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت میں حدیبیہ کیس میں ریفرنس کا مکمل ریکارڈ طلب کیا تھا۔