بی پی ایل:ڈیرن سامی کی بیٹنگ،قاضی انیق کی بولنگ
جمعرات 30 نومبر 2017 3:00
چٹاگانگ:بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر کی ٹیم راجشاہی کنگز نے اپنے بیٹسمین ڈیرن سامی کی شاندار اننگز اور قاضی انیق کی زبردست بولنگ کی بدولت سا تویں اور آخری نمبر کی ٹیم چٹاگانگ وائکنگز کو شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ سلہٹ سکسرز کی ٹیم اب چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے اور اس شکست سے چٹاگانگ وائکنگز اس سیزن کی لیگ سے بھی باہر ہوگئی ہے۔
قاضی انیق نے3.2اوورز میں17رنز دیکر 4کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور 158رنز کے ہدف تک پہنچنے کی کوشش کرنے والی میزبان ٹیم چٹاگانگ وائکنگزکو124رنز پر آوٹ کرنے میں اہم کردار ادا کیا تاہم 25گیندوں پر40رنزکی جارحانہ اننگز کھیلنے والے ڈیرن سامی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔راجشاہی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6وکٹوں کے نقصان پر157رنز بنائے تھے۔ مشفق الرحیم اور جیمز فرینکلن نے بالترتیب 31اور30 رنز اسکور کئے ۔ لوئس ریس نے3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں چٹاگانگ وائکنگز کا کوئی بیٹسمین راجشاہی کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہیں کر پایا ۔ اسٹیان وانزیل27اورانعام الحق23رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سکندر رضا نے17رنز اسکور تاہم ان کی پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر پویلین لوٹ گئی ۔ انیق کی 4 وکٹوں کے علاوہ مستفیض الرحمان نے 2جبکہ اسامہ میراور محمد سمیع نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔