بی سی سی آئی کرکٹرز کے معاوضوں میں اضافے پر رضامند
نئی دہلی:ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کی انتظامی کمیٹی نے نئے سنٹرل کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے تاہم اس حوالے سے تفصیلات ابھی طے نہیں کی گئیں۔ یاد رہے کہ کپتان ویرات کوہلی، سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اور کوچ روی شاستری نے کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرکے اس معاملے اور ٹیم کے شیڈول کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔ ہندوستانی کرکٹرز کے نئے سنٹرل کنٹریکٹس ابھی نہیں ہوئے جبکہ پرانے معاہدے گزشتہ ماہ کے اوائل میں ختم ہو چکے ہیں۔معاوضوں کے نئے ڈھانچے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا تاہم کرکٹ بورڈ اس وقت گریڈ ون کے کھلاڑیوں کو سالانہ2کروڑ، گریڈ بی والوں کو ایک کروڑ اور گریڈ سی کے حامل کرکٹرز کو50لاکھ روپے دے رہا ہے۔سنٹرل کنٹریکٹ کے علاوہ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے پر با لترتیب 15لاکھ،6لاکھ اور3لاکھ روپے ادا کئے جاتے ہیں۔مئی میں اس حوالے سے اپنی تجاویز میںسابق کوچ انل کمبلے نے اے گریڈ کرکٹرز کے لئے سالانہ 5کروڑ روپے کی تجویز پیش کی تھی۔ ملاقات کے بعد کمیٹی کے سربراہ ونود رائے نے بتایا کہ فیچر ٹور پروگرام کے تحت میچوں کی تعداد اور کھلاڑیوں کو دیئے جانے والے معاوضے میں مطابقت پیدا کی جائے گی۔انہوں نے کہا اصولی طور پر معاملات طے پا گئے ہیں تاہم اعدادوشمارطے ہونا باقی ہیں۔ ملاقات میں کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو راہول جوہری اور کمیٹی کی رکن ڈیانا ایڈلجی بھی موجود تھیں۔ونود رائے نے کہا کہ کھلاڑی اور کوچ کامیاب ملاقات پر خوش تھے اور ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ بورڈ حکام کے ساتھ ہماری اس طرح بات چیت ہوئی اور ہمارا موقف بھی سنا گیا ورنہ اس سے پہلے تو فیصلے کرکے ہمیں ان سے آگاہ کر دیا جاتا تھا۔