ملتان سلطانز کے ساتھ پاکستان آوں گا، ٹام موڈی
لاہور:پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اور آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ٹام موڈی نے کہا ہے کہ اگر ملتان سلطانز پی ایس ایل 3کے فائنل میں پہنچی تو وہ ٹیم کے ساتھ پاکستان آئیں گے۔ٹام موڈی نے کہا کہ ہاں میں پاکستان میں ٹیم کے ساتھ ہوں گا اور مجھے امید ہے کہ ہم فائنل میں پہنچ کر لاہور اور کراچی دونوں مقامات پر کھیلنے کا موقع حاصل کریں گے۔ کھلاڑیوں کے پاکستان جا کر کھیلنے سے اعتماد کی سطح بہتر ہوگی ۔کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے پراعتماد ہیں۔ڈرافٹ میں ملتان سلطانز میںنہ صرف مقامی بلکہ بہترین کھلاڑی شامل ہوئے ہیں جبکہ بین الاقوامی کھلاڑی بھی ہیں ۔ ٹام موڈی اس سے قبل آئی پی ایل کی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد اور بی پی ایل کی ٹیم رنگپور رائیڈرز کی کوچنگ کرچکے ہیں اور اب پی ایس ایل میں نئی شامل ہونے والی ٹیم ملتان سلطانزکے کوچ مقرر ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملتان سلطانزتجربہ کار بین الاقوامی کھلاڑیوں اور چند پرجوش نوجوانوں پر مشتمل ہے اس لئے ایونٹ میں بھرپورمقابلہ ہوگا۔ ملتان سلطانز کیلئے قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم ڈائریکٹر اور بولنگ کوچ مقرر کئے گئے ہیں۔ٹام موڈی نے کہا کہ میں اور وسیم اکرم طویل عرصے سے دوست ہیں اور ان کا تجربہ ٹیم کے لئے قیمتی ہوگا۔وسیم اکرم اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ سے منسلک تھے اور ان کی موجودگی میں ٹیم نے ابتدائی ٹورنامنٹ میں چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔پی ایس ایل 3کا ایونٹ فروری 2018 میں متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا۔