چشتیاں ..تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف ملک کوتقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ہم متحد کریں گے۔تمام صوبوں، زبانوں اور مسالک کے لوگوں کو ایک جھنڈے تلے جمع کریں گے ۔ ایسا نیا پاکستان بنائیں گے جہاں انصاف اور میرٹ کا نظام ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت بتا ئے وہ کون سا پریشرتھا اورکس کوخوش کرنے کے لئے حلف نامے میں تبدیلی کی گئی۔ اتوار کو چشتیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوراشریف خاندان چوری میں پکڑا گیا ۔300 ارب روپے چوری کر کے بیرون ملک لے کر گئے۔ نواز شریف پیسے کی خاطر عدلیہ اور فوج کے خلاف سازش پر تیار ہیں، وہ جو بھی کرلیں۔ لوٹا گیا پیسہ واپس لے کرآئیں گے۔ نواز شریف کے ساتھ ملنے والوں کا نظریہ بھی کرپشن ہے ۔انہیں فکر ہے اگر ان کا پیسہ پکڑا گیا تو اگلی باری ان کی ہے۔ نواز شریف اور زرداری میں کوئی فرق نہیں ۔ان کے لوٹنے کا طریقہ مختلف ہے لیکن دونوں کے مقاصد ایک ہی ہیں۔جب تحریک انصاف کا دور آئے گا تو ہماری ساری توجہ عوام پر ہوگی ۔ ذاتی بینک اکاونٹس پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو مخالفین سے نہیں بلکہ اندر کے لوگوں سے ہی خطرہ ہے۔ عوام میں اب شعور آگیا اور وہ سب سمجھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس کے کمانڈوز فوری پہنچے اور حملہ ناکام بنایا۔ مجھے خیبر پختونخوا کی پولیس پر فخر ہے۔ کے پی پولیس پورے پاکستان کیلئے مثال بن چکی۔ صوبے میں پولیس کا غلط استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ نواز شریف نے ایبٹ آباد جلسے میں کہا کہ نیا خیبر پختونخوا نظر نہیں آ رہا۔ میں کہتا ہوں، نواز شریف، نیا خیبر پختونخوا یہ ہے کہ آپ نے بلٹ پروف شیشے کے بغیر جلسہ کیا۔ پنجاب میں آپ بلٹ پروف شیشے کے بغیر تقریر نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف وفاق میں حکومت میں آئی تو پنجاب پولیس بھی ٹھیک کردیں گے۔ وردی بدل کر پولیس کو ڈاکیا نہیں بنائیں گے بلکہ محکمے میں اصلاحات کریں گے۔ سیاسی مداخلت سے پاک کریں گے۔ پنجاب میں تھانیداروں کا تبادلہ رائیونڈ سے ہوتا ہے۔ چھٹکوحمزہ اور مریم پولیس افسروں کے تبادلے کرتی ہیں۔