16 ہزار 667 افراد کو وطن واپسی کیلئے سفری دستاویز کا انتظار
جدہ( ارسلان ہاشمی ) وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف مہم کے آغاز سے 3 دسمبر تک مملکت میں مقیم ایک لاکھ 32 ہزار 647 افراد کوگرفتار کیا جا چکا ہے ۔ مملکت کو غیر قانونی تارکین سے صاف کرنے کی مہم جاری ہے ۔ وزرات کی جانب سے گرفتار کئے جانے والے افراد کی تفصیلات ٹویٹر اکاﺅنٹ پر ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گرفتار شدگان میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر 75 ہزار918 جبکہ قانون محنت کی خلاف ورزی پر 34 ہزار847 اور سرحد ی خلاف ورزی کے 1658 مرتکبین کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ سرحدی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں میں سے 79 فیصد یمنی ، 20 فیصد ایتھوپین جبکہ ایک فیصد دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں جو غیر قانونی طور پر مملکت کی سرحد عبور کر کے داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔ 34 افراد کو مملکت کی سرحد غیرقانونی طریقے سے عبور کر تے ہوئے بھی گرفتار کیا گیا ۔ وزرات داخلہ کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف مملکت کی سطح پر مہم زور وشور سے جاری ہے ۔ ایسے افراد جو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو روزگار ، رہائش یا ایک مقام سے دوسرے مقام پر لے جانے کی سہولت فراہم کرتے ہیں وہ بھی قانونی طور پر مجرم شمار ہوتے ہیں اس حوالے سے اب تک 416افراد کو گرفتار کیا گیا جنہوں نے غیر قانونی تارکین کو مختلف سہولت فراہم کی تھی ۔ سہولت کاروں میں 65 سعودی شہری ہیں جن میں سے 44 کو فوری طور پر سزا دے کر رہا کر دیا گیا جبکہ 21 افراد کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا ۔ غیر قانونی تارکین میں سے 21 ہزار 837کو ملک بدر کیا جاچکا ہے جبکہ 14 ہزار 354 کے خلاف متعلقہ کمیٹی کی جانب سے فوری سزا کا حکم صادر کیا گیا ۔16 ہزار 667 افراد کو ملک سے روانہ کرنے کےلئے انکی سفری دستاویزات کا انتظار ہے ۔ واضح رہے مملکت میں مقیم غیر قانونی تارکین کو رضاکارانہ طور پر مملکت سے چلے جانے کے حوالے سے 3 ماہ کی مہلت دی گئی تھی جس میں مزید اضافہ کیا گیا ۔ مہلت کے بعد غیر قانونی تارکین کی گرفتار ی اور ملک بدر ی کی مہم جاری ہے اس دوران جن افراد کو گرفتار کر کے ملک بدر کیا جائے گا۔ ان پر جرمانے اور دیگر سزاﺅں کا نفاذ ہوگا ۔ ایسے افراد کو مملکت میں آئندہ 3 برس کے لئے بلیک لسٹ بھی کر دیا جاتا ہے جو کسی بھی ویزے پر مملکت نہیں آسکتے ۔