Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احمد شہزاد کے معاملے پر مکی آرتھر اور سلیکشن کمیٹی میں اختلافات

 
لاہور: دورہ نیوزی لینڈ کے لئے اوپنر احمد شہزاد کے انتخاب کے معاملے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان اختلافات پیدا ہو جانے کی اطلاعات ہیں اور ہیڈ کوچ کی مخالفت کے باوجود سلیکٹرز اوپنر کو ٹیم میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ اوپنر کے بارے میں منفی رپورٹس اور ڈسپلن کے حوالے سے ان کے خراب ریکارڈ کے باعث مکی آرتھر انہیں ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں نہیں لیکن سلیکٹرز ان کی فارم اور نیوزی لینڈ کے حوالے سے تجربے کو دیکھتے ہوئے حمایت کررہے ہیں۔احمد شہزاد نے حال ہی میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور اچھی فارم میں ہیں اس لئے تیسرے اوپنر کی حیثیت سے ٹی ٹوئنٹی میں شمولیت کے مضبوط امیدوار ہیں۔سلیکٹرز نے بابر اعظم کو اوپنر کی حیثیت سے کھلانے کی تجویز مسترد کردی ہے اور اس وجہ سے بھی احمد شہزاد کو ٹیم کا حصہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کےلئے انتخاب کے سلسلے میں اقدامات جاری ہیں اعلان آئندہ چند روز میں ممکن ہے۔ اظہر علی، عماد وسیم اور فہیم اشرف فٹ ہوکر دستیاب ہیں۔سلیکشن کمیٹی ذرائع کے مطابق قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کے باوجود فاسٹ بولر سہیل خان اور وکٹ کیپر کامران اکمل کی ٹیم میں شمولیت کا امکان نظر نہیں آتا۔سرفراز احمد کی موجودگی میں کامران اکمل کی جگہ بنتی نظر نہیں آتی ۔شارجہ میں ٹی 10 لیگ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے وطن واپس پہنچنے پر23 دسمبر سے لاہور میں تین روزہ مختصر کیمپ لگایا جائے گا جبکہ پاکستانی ٹیم 26 اور27 دسمبر کی درمیانی شب آکلینڈ کےلئے روانہ ہو گی۔

شیئر: